ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بس کنڈکٹر داداپیر کی حاضر دماغی سے بڑا حادثہ ٹلا

بس کنڈکٹر داداپیر کی حاضر دماغی سے بڑا حادثہ ٹلا

Tue, 30 Aug 2016 11:22:55    S.O. News Service

بنگلورو:29؍اگست(ایس اونیوز) ایک بس کنڈکٹرکی حاضر دماغی کی وجہ سے کل یہاں ایک یقینی سڑک حادثہ کو ٹالا جاسکا۔ یہ واقعہ شمالی بنگلور میں یلہنکا کے مصروف این ای ایس جنکشن میں پیش آیا۔ ہوایوں کہ ڈرائیور سبھاش کو بس چلاتے وقت چکرآگیا۔ کنڈکٹر داداپیر نے چستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طورپر ہینڈبریک لگادیا تاکہ بس کو روکا جاسکے۔ یہ واقعہ اتوار کی دوپہر 12:30؍بجے کاہے جب ڈرائیور سبھاش اس بس کو یلہنکا نیوٹاؤن سے چلاکر کیمپے گوڈا بس اسٹینڈ کی طرف جارہے تھے۔ این ای ایس جنکشن پر پہنچے تو انہیں اچانک چکر آیا اور وہ اسٹیرنگ وھیل پر گرگئے۔ دادا پیر نے جو قریب ہی تھے یہ بات دیکھی تو فوری ڈرائیور کی سیٹ پر پہنچے اور ہینڈ بریک لگاکر بس کو روک دیا۔ اس کے باوجود بس ایک کار کے پچھلے حصہ تک پہنچ گئی تھی۔ ایک پولیس افسر نے یہ اطلاع دی۔ دادا پیر نے اس واقعہ کو یادکرتے ہوئے بتایاکہ بس کھچاکھچ بھری ہوئی تھی۔ میں مسافروں کو ٹکٹ جاری کررہاتھا میں نے بس کے چلنے میں اچانک تبدیلی محسوس کی اور سبھاش کو گرتے ہوئے دیکھا۔ میں نے فوری وہاں پہنچ کر ہینڈ بریک لگادیا۔ اگر بس کو فوری روکا نہ جاتا تو ایک بہت بڑا حادثہ ہوجاتا۔ ’’سریش بابونامی ایک مسافر نے بتایاکہ بس ٹیڑھی میڑھی چلنی شروع ہونے پر بس کے اندر پریشانی پیدا ہوگئی تھی۔ ڈرائیور کی سیٹ سے قریب بیٹھی ہوئی خاتون مسافروں نے چلانا شروع کردیا۔ لیکن کنڈکٹر نے بس روک کر حالات کو قابو میں کیا۔ ٹریفک پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ دادا پیر، کارڈرائیور اور چند مسافروں نے سبھاش کو اسپتال پہنچانے میں پولیس کی مدد کی۔ بعد میں مسافروں نے دوسری بسوں کے ذریعہ اپنا سفر جاری رکھا۔ ٹریفک پولیس نے بس کو ضبط کرلیاہے کیوں کہ وہ ایک حادثہ میں ملوث پائی گئی ہے حالانکہ کار ڈرائیور کوئی شکایت کرنا نہیں چاہتا تھا۔ پولیس نے بتایاکہ حالت بہتر ہونے کے بعد وہ سبھاش کا بیان لے گی۔ ڈاکٹروں کو شبہ ہے کہ سبھاش کے قلب پر حملہ ہوا ہوگا۔


Share: